تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اسد عمر کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اسد عمر کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے وفاقی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق انہیں تھانہ رمنا منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تاحال اسلام آباد پولیس کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے نیب نے رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا تھا۔
اسد عمر دیگر رہنماؤں کے ساتھ گرفتار چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی درخواست دائر کرنے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمود قریشی، بابر اعوان، ملیکہ بخاری سمیت دیگر رہنماء بھی موجود ہیں، جہاں سے انہیں سپریم کورٹ جانا تھا۔
بابر اعوان نےاسد عمر کی گرفتاری پر کہا کہ آج پھر شب خون مارا گیا ہے، اسد عمر کی حفاظتی ضمانت موجود تھی۔
واضح رہے کہ میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے پُرتشدد مظاہروں پر کہا تھا کہ لگتا ہے پہلے سے سازش تیار کرکے کسی سے توڑ پھوڑ کرائی گئی، توڑ پھوڑ کرنے والوں کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، پُرتشد احتجاج کے پیچھے کوئی اور ہے تاکہ عمران خان پر دباؤ ڈالا جاسکے۔
اس سے قبل آج علی الصبح سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی ان کے گھر سے حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ عثمان ڈار اور قاسم سوری کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے تقریباً تمام اہم رہنماؤں کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات موجود ہیں، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری سمیت دیگر کی گرفتاری کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے ضمانت کیلئے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔