رانا مشہود لالی پاپ دیتے ہیں،اب وزیراعلیٰ سے ہی مذاکرات ہونگے، پرائیویٹ سکول فیڈریشن
لاہور : آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن نے صوبائی وزیر تعلیم سے مزید مذاکرات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وزیر اعلیٰ پنجاب کے سوا کسی سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
رانا مشہود سے مذاکرات کے بعد فیڈریشن کے صدر مرزا کاشف بیگ نے کہا کہ رانا مشہود ہمیشہ لالی پاپ دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج اور کل98فیصد پرائیویٹ سکولوں میں ہڑتال ہو گی ۔دو دن کے دوران صوبے کے 97000 پرائیویٹ سکول بند ہوں گے۔ وزیر تعلیم نے ماضی میں بہت سے اجلاس کئے اور سفارشات بھی لیں لیکن سب کچھ ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا۔اب میٹھی گولی سے کام نہیں چلے گا۔اب ، مذاکرات ہوں گے تو صرف وزیر اعلیٰ سے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے قانون پاس کر کے زیادتی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بند رہنے والے سکولوں میں بیکن ہاوس، لاہور گرائمر، دار ارقم، بلو فیلڈ، کڈز کیمپس، ریسورس اکیڈیمیا، لکاس سکولز ، سٹی سکول، لاہور سکول سسٹم، ایفا سکولز، الائیڈ سکول سسٹم، کمزسکول سسٹم، ریو سورسز سکول سسٹم،سلامت سکول سسٹم، امریکن لائسٹف اور دیگر شامل ہیں۔