اسلام آباد

این اے 120 میں عوام نے نوازشریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور الیکشن میں ملکی ترقی کو فتح ملی جب کہ عوام نے نوازشریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا۔
اسلام آباد میں ایشیا پیس فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسا نہیں ہے جیسا سی این این دکھاتا ہے، پاکستان پر امن ملک ہے اور ملک میں امن بحال ہوچکا ہے، پاکستان میں بزنس کی راہیں کھل چکی ہیں جب کہ مجھے توقع ہے کہ فلم فیسٹیول کے شرکا پاکستان کے لیے سفیر کا کردار کریں گے اور غیر ملکی فلمساز پاکستان سے واپس جاکر پاکستان کے بارے میں مثبت رائے دیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پرامن پاکستان کا تشخص دنیا کے سامنے رکھیں گے، دنیامیں معیشت کو مضبوط بنانے کی دوڑ ہے جب کہ ترقی امن سے ممکن ہے تاہم خطرے میں گھیرا ہوا ملک یا خطہ ترقی نہیں کر سکتا، ملک کی ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دی ہے، پاکستان کو جس بین الاقوامی میڈیا نے خطر ناک قرار دیا، آج وہی میڈیا کہتا ہے پاکستان ایشیا کی معاشی طاقت بننے جا رہاہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہورالیکشن میں ملکی ترقی کو فتح ملی، عوام نے نوازشریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا جب کہ کارکنوں کو غائب کرنے میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی دوسراملک اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال نہ ہونے دے جب کہ کوئی بھی ملک میں دہشت گردی کرائے گا اس کے خلاف آوازاٹھاتے رہیں گے۔ اس سے قبل احسن اقبال جب وقت مقررہ پر پہنچے تو انتظامات مکمل نہ ہونے پر انتظامیہ پر برہم ہوکر واپس چلے گئے تاہم بعد میں وہ دوبارہ آئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close