لاہور: یہ ملک میرا گھر ہے، میں کبھی بھی نواز شریف اور زرداری کی طرح دم دبا کر باہر نہیں بھاگوں گا۔
قوم سے اپنے خطاب میں عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ نو مئی کے واقعات اور بالخصوص عسکری تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان براہ راست ملوث نہیں ہیں، انہیں سادہ کپڑوں میں آکر لوگوں نے ورغلایا اور پھر چلے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود بھی میں پیش کش کرتا ہوں کہ اگر کسی کارکن کی تصویر، ویڈیو موجود ہے تو وہ ہمیں دیں ہمارا کارکن خود قانون کے آگے سرنڈر کرے گا اور تفتیش میں تعاون کرے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس کو بھی بتایا اور پوری قوم گواہ ہے کہ ستائیس سالہ سیاسی جدوجہد میں کبھی پُرتشدد کارروائیوں کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن سے رہنے کا درس دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری اداروں اور قوم کو لڑوانے کی سازش تھی کیونکہ مجھے پولیس بھی گرفتار کرسکتی تھی مگر رینجرز کا انتخاب کیا گیا اور وکلا سمیت عدالتی احاطے میں توڑ پھوڑ کی گئی۔
میں باہر کیوں جاؤں گا، میری کون سی باہر کوئی پراپرٹی ہے، میں تو اپنا سب کچھ باہر سے بیچ کر پاکستان لایا ہوں، یہ ملک میرا گھر ہے، میں کبھی بھی نواز شریف اور زرداری کی طرح دم دبا کر باہر نہیں بھاگوں گا۔ عمران خان pic.twitter.com/2KYWsnx3Ya
— PTI (@PTIofficial) May 20, 2023
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے بھی کارکنان کو مشتعل نہ ہونے کی ہدایت کی اور اُن سے بار بار جلاؤ گھیراؤ نہ کرنے کی درخواست کرتے رہے کیونکہ ہمارے منشور میں پُرامن جدوجہد شامل ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ڈی ایم یا مقتدر لوگ پی ٹی آئی کو راستے سے ہٹانے اور مجھے مائنس کرنے کا کوئی ایک فائدہ بتا دیں تو میں ملکی مفاد کی خاطر خود اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد سے دستبردار ہوجاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے کہا جاتا ہے باہر چلے جاؤ، میں باہر کیوں جاؤں گا، میری کون سی باہر کوئی پراپرٹی ہے، میں تو اپنا سب کچھ باہر سے بیچ کر پاکستان لایا ہوں، یہ ملک میرا گھر ہے، میں کبھی بھی نواز شریف اور زرداری کی طرح دم دبا کر باہر نہیں بھاگوں گا۔