پنجاب

انصاف کے بناء ملک ترقی نہیں کرسکتا، عمران خان

جہلم: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا جب کہ ملک کی تباہی کی اصل وجہ میرٹ کا نہ ہونا ہے۔ جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی قوم کیلیے کھیلنا شروع کرتے ہیں تو وہ قوم جیت جاتی ہے، تحریک انصاف کی بہترین ٹیم بنا رہا ہوں، میرے کھلاڑی اپنے لیے نہیں قوم کیلیے کھیلیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت جب کسی طاقتور کے خلاف فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتا ہے مجھے کیوں نکالا لیکن انصاف کمزور کو چاہیے ہوتا ہے، دیہات میں غریب پر سب سے بڑا ظلم تھانے کچہری کا ہوتا ہے، عدالتی اور معاشی انصاف کے بعد سب سے اہم چیز میرٹ ہے جب کہ معاشرہ ترقی تب کرتا ہے جب کمزور اوپر آتا ہے لیکن جب تک انصاف نہ ملے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا تو وہ لیڈرز کیسے بن سکتے ہیں، جن لوگوں نے زندگی میں کچھ نہیں کیا وہ ملک کیسے ٹھیک کریں گے جب کہ آصف زرداری نے کاغذ کا ٹکرا دکھایا اور کہا کہ مجھے پارٹی وراثت میں مل گئی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرٹ ختم کر کے سول سروس کو تباہ کیا گیا، جمہوریت میں لیڈرشپ میرٹ پر آتی ہے جب کہ بادشاہت میں لیڈرشپ خاندان کے ذریعے آتی ہے، مسلمانوں میں بادشاہت پروان چڑھی جس کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے مگر یورپ میں جمہوریت آ گئی جس سے انہوں نے ترقی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ اور ہاکی کا چیمپئن رہ چکا ہے مگر آج ہمارے پاس اولمپک کیلیے ایک بھی کھلاڑی نہیں ہے جب کہ کھلاڑی نہ ہونے کی وجہ میرٹ کا نہ ہونا ہے۔ خواجہ آصف کے گھر کی صفائی کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا پہلا وزیر ہے جو دوسرے ملک کا اقامہ رکھتا ہے اور دبئی سے 50 ہزار درہم تنخواہ بھی وصول کرتا رہا۔ عمران خان نے خواجہ آصف کو اقامہ آصف کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتا ہے کہ پہلے پاکستان کو اپنے گھر کی صفائی کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو پہلے اپنے ذہن کی صفائی کرنی پڑے گی کیونکہ گندگی ان کے ذہن میں بھری ہوئی ہے، جس ملک کے 70 ہزار لوگوں نے دوسری کی جنگ میں قربانیاں دی ہوں اور 100 ارب روپے سے زیادہ معاشی نقصان برداشت کیا ہو، وہاں آپ بھارت، امریکا اور افغانستان کی زبان بول رہے ہوں کہ پاکستان اصل مسئلہ ہے، آپ وہ کام کر رہے ہو جو پاکستان کے دشمن کر رہے ہیں۔ دوسری جانب دینہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انسانی معاشرےمیں انصاف ہوتا ہے لیکن یہ معاشرہ ناانصافی والا ہے جہاں غریبوں کے لیے نوکریاں نہیں ہیں اور اگر کوئی مقصدنہ ہوتو انسان اور جانورمیں فرق نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم کا پیسہ چوری ہوتا ہے تو اس قوم کے پاس اسکول، تعلیم، روزگار اور انصاف دینے کے لیے پیسہ نہیں ہوتا لیکن اس کے برعکس یورپ میں امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی اسکول میں پڑھتا ہے اور غریب کا بچہ وہی سے وزیراعظم بنتا ہے لیکن یہاں سرکاری اسکول میں پڑھنے والے بچے کو اوپر آںے کا موقع نہیں ملتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close