شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے عوامی تحریک عدالت پہنچ گئی
لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز پنجاب حکومت کو سانحہ ماڈل ٹائون کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب پی اے ٹی کے وکیل اشتیاق چودھری نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ شہباز شریف کا سانحہ ماڈل ٹائون میں اہم کردار ہے اور وہ اس سانحہ کے ملزم ہیں۔ درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شہباز شریف کسی بھی وقت بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں۔ درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی سانحہ ماڈل کے مقدمے کے فیصلے تک وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک نہ جا سکیں۔