پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا قرض پروگرام ختم ہونے میں 10 دن باقی
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا ساڑھے 6 ارب ڈالر کا قرض پروگرام ختم ہونے میں صرف 10 روز باقی ہے لیکن ابھی تک مذاکرات میں ڈیڈ لاک دور نہ ہوسکا ۔اسٹاف لیول معاہدے پر بھی کوئی پیش رفت بھی نہ ہوسکی۔
پاکستان کی معاشی ٹیم آئی ایم ایف کو بیرونی فنانسنگ کے انتظامات پر بھی قائل نہ کرسکی۔ آئی ایم ایف کے نئے بجٹ پر تحفظات بھی برقرار ہیں۔ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ پلان بی پر بھی کام شروع کردیا۔
مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے بعد وزیرخزانہ نے مختلف ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ کی سفارش پر مختلف ممالک کے سفیر بھی آئی ایم ایف سے بات چیت کریں گے۔
دوسری جانب بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کے انٹیلی جنس یونٹ نے اپنی رپورٹ میں خطرے کی گھنٹی بجا دی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ملا تو پاکستان کےمعاشی حالات مزید بگڑسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے اکتوبر میں نئے پروگرام پر مذاکرات کرسکتا ہے۔ معاشی بہتری کیلئے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی اور دوست ملکوں سے معاونت کی ضرورت ہے۔ نئےمالی سال میں پاکستان کیلئے مزید معاشی مشکلات ہوسکتی ہیں۔