پنجاب میں عزاداری کے سوا ہرقسم کے اجتماعات پہ پابندی
لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے عشرہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 144 کے تحت ماسوائے عزاداری مجالس اور ماتمی جلوسوں کے پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع جبکہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت یا لائسنس کے بغیر ماتمی جلوس نکالنے، عزاداری مجالس کے انعقاد اور جلوسوں کے راستے پر واقع عمارتوں کے اوپر کسی قسم کی مورچہ بندی پر پابندی لگا دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نویں اور دسویں محرم کے موقع پر صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب نے دفعہ 144(6) کے تحت حاصل اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے صوبہ بھر میں محرم کے جلوسوں، ذوالجناح یا تعزیہ کے تمام روٹس پر واقع گھروں و دکانوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے، دروازے کھڑکیاں کھلی رکھنے، غیر متعلقہ افراد کے محرم جلوسوں کے قریب کھڑے ہونے، آتشبازی، گولے، کریکرز چلانے، غیر ضروری طور پر کاٹھ کباڑ، بوتلیں، اینٹیں، روڑے، ٹائرز، شیشہ جمع کرنے کو بھی ممنوع قرار دیا ہے۔ حکمنامے کے مطابق ماتمی جلوسوں کے اندر تلاشی کے بغیر کسی قسم کا سامان لے جانے اور مجالس یا جلوسوں کے طے شدہ اوقات کی خلاف ورزی پر بھی پابندی لگائی ہے۔ یہ حکمنامہ یکم تا 10ویں محرم تک نافذالعمل ہوگا۔