فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے اکثریت کا فیصلہ ہی قابل قبول ہو گا: کورکمانڈر پشاور
میرانشاہ: کو ر کمانڈر پشاورلیفٹینٹ جنرل نذیر احمد بٹ کا کہنا ہے کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے اکثریت کا فیصلہ ہی قابل قبول ہو گا ،آرمی چیف نے اس علاقے کی بحالی کے لئے خصوصی پیکچ اناﺅنس کیا ہوا ہے۔ نجی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاور لیفٹینٹ جنرل نذیر احمد بٹ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے وزیرستان میں امن قائم کر دیا ہے ،آ پ پورے وزیرستان میں جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں ،آپریشن سے قبل یہاں سیکورٹی کے مسائل تھے لیکن اب ایسا کچھ نہیں۔ کور کمانڈرکا کہنا تھا کہ ابھی یہاں مزید کام ہونا باقی ہے ،آنے والے وقتوں میں آپ یہاں مزید بہتری دیکھٰں گے،پاک افغان سرحد پر باڑ کے علاوہ چوکیاں بنائی جارہی ہیں جس سے یہاں سیکورٹی کی صورتحال بہت مضبوط ہو جائے گی۔ اب یہاں پر ناصرف قبائلی لوگ واپس آرہے ہیں بلکہ بیرون ملک سے لوگ بھی واپس آرہے ہیں۔یہاں کے طالب علم کسی طرح بھی ملک کے دوسرے بڑے شہروں کے طلبا سے مقابلے میں کم نہیں،ان کو صرف مواقع دینے کی ضرورت ہے۔ فاٹا ریفارمز سے یہاں بہتری آرہی ہے،یہاں کے لوگوں نے تبدیلی کو قبول کیا ہے اب اس علاقے کی قسمت کا فیصلہ یہاں کی قبائل نے کرنا ہے۔ قبائل کی طرف سے پہنائی جانے والی روائیتی پگڑی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ پگڑی ہر کسی کو نہیں پہنائی جاتی ،یہاں کے لوگ یہ عزت اسے ملتی ہے جس پر یہ لوگ اعتماد کرتے ہیں۔