پنجاب میں بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر سیلابی صورتحال، تمام متعلقہ ادارے 24/7 الرٹ رہنے کی ہدایت
پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے کل کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
لاہور، روالپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم ، میانوالی، خوشاب، قصور، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، ساہیوال، ملتان ، بہاولپور، ڈی جی خان، اوکاڑہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاولدین، لیہ، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تیز بارش کے باعث چشمہ کے مقام پر دریا سے منسلک نہروں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، جس کے باعث نہروں سے منسلک علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ آندھی/جھکڑ/ گرج چمک اور بارشوں کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں بسنے والے عوام الناس محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں جبکہ فلڈ فائٹنگ، ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیمیں ضروری مشینری کے ساتھ 24 گھنٹے الرٹ رہیں۔ نشیبی علاقوں سے مویشیوں کا انخلا اور ویکسینیشن کا بندوبست پہلے سے ہونا چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہنگامی حالات میں زیر آب آنے والے علاقے کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کیے جائیں، وبائی امراض سے بچنے کے لیے طبی ٹیمیں متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ افسران ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کے لیے تیار رہیں، تمام متعلقہ ادارے 24/7 الرٹ رہیں اور بروقت ریسپانس کو یقینی بنائیں۔