امریکہ نے پاکستان کو دیئے گئے 5 ہیلی کاپٹر واپس مانگ لیئے
واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی روشنی میں امریکہ نے پاکستان کو انسداد منشیات آپریشنز کے لئے دیئے گئے پانچ ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لئے۔ امریکی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو 15 اکتوبر تک ہیلی کاپٹرز کی واپسی کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔ حکومت پاکستان نے امریکہ سے ہیلی کاپٹرز واپس نہ مانگنے کے معاملے پر لابنگ شروع کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں انسداد منشیات کے جاری آپریشنز کے لئے امریکی حکومت کی طرف سے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پانچ ہیلی کاپٹرز فراہم کئے گئے تھے، جو اے این ایف کے زیر استعمال ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ نے امریکی محکمہ داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں امریکہ کو درخواست کی جائے گی کہ وہ یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان میں رہنے دے اگر ہیلی کاپٹرز واپس کردیئے گئے تو اس سے انسداد منشیات کے لئے جاری آپریشنز متاثر ہوں گے۔