ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردیا
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے معاملے پرسیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنرنے حکم دیا کہ 11 اکتوبر تک جواب جمع نہ کرنے کی صورت میں سیکرٹری وزارت داخلہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے ملی مسلم لیگ کی بطور پارٹی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ملی مسلم لیگ کی جانب سے ان کے وکیل راجہ افضل پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11 اکتوبر تک ملی مسلم لیگ کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ 11 اکتوبر تک جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں سیکرٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ پارٹی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی سماعت کے بعد ملی مسلم لیگ کے وکیل راجہ افضل نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئین کا آرٹیکل 17 کسی بھی شخص کو سیاسی جماعت بنا نے کی اجازت دیتا ہے۔ آج کی سماعت میں 11 اکتوبر کے لیے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ پیش ہوں۔ واضح رہے کہ 11ستمبر کو بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے حوالے سے وزارت داخلہ سے جواب طلب کیاتھا مگر انہوں نے کسی قسم کا جواب نہیں دیا اور کیس کی سماعت 25 ستمبر تک ملتوی ہوگی تھی جبکہ یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ملی مسلم لیگ کی بطور پارٹی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی دوسری سماعت تھی۔