نوابشاہ: سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں
کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق 15 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ٹرین حادثے میں 50 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
آرمی چیف نے امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج اور رینجرز کو خصوصی ہدایات کیں۔
پاک فوج اور رینجرز نے جائے حادثہ پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
جائے حادثہ پر پاک فوج اور رینجرز کے امدادی دستے پہنچنے لگے جبکہ مزید دستوں کو حیدرآباد اور سکرنڈ سے طلب کر لیا گیا۔
آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کو بھی ریسکیو کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
پاک فوج اور رینجرز حکام جائے حادثہ پر کھانے پینے کی اشیاء بھی لے کر پہنچ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاک فوج کا ریسکیو آپریشن آخری زخمی کی اسپتال منتقلی اور پھنسے افراد کی بحالی تک جاری رہے گا۔
ایس ایس پی سانگھڑ کا کہنا ہے کہ 10 ایس ایچ او 4 ڈی ایس پیز اور 100 سے زائد پولیس اہلکار ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں۔
پولیس ٹریننگ سینٹر کے پولیس اہلکار بھی کافی تعداد میں امدادی کام کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق ہزارہ ایکسپریس میں 950 مسافر اکنامی کلاس اور 72 اے سی اسٹینڈر اور 17 کوچیز ہوتی ہیں۔