سلومیاں ٹی وی کے مہنگے ترین میزبان بن گئے
ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان فلموں کے بعد چھوٹی اسکرین پر بھی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے میزبان بن گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی جریدے فوربز نے کچھ عرصہ پہلے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کے بعد سلمان خان کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار قرار دیا تھا جنہوں نے سال 2017 میں 236 کروڑ روپے کمائے تھے جب کہ اگلے سال ان کی کمائی اس سے کئی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
سلمان خان بڑے پردے کے ساتھ ساتھ چھوٹی اسکرین پر بھی جلوہ گر ہوتے ہیں اور اس حوالے سے وہ متعدد شوز کی میزبانی کرچکے ہیں جس میں ’ دس کا دم‘ اور ’بگ باس‘ سر فہرست ہے جب کہ سلو میان بھارت کے مشہور ریلیئٹی شو ’بگ باس‘ کے 4، 5 اور 6 سیزن تک ایک قسط کا معاوضہ ڈھائی کروڑ روپے وصول کرتے تھے مگر اگلے ہی سیزن کے لیے انہوں نے یہ رقم دگنی اور پھر ہر نئے سیزن کے ساتھ ان کے معاوضے میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ خان ’’بگ باس 11‘‘ کے ایک قسط کے 11 کروڑ روپے وصول کریں گے جب کہ ان کا پروگرام 3 ماہ کے لیے آن ایئر رہتا ہے جو ہفتے میں 2 اور ایک ماہ میں 8 بار نشر ہوگا یوں سلو میاں پروگرام کے آخر میں 264 کروڑ روپے گھر لے کر جائیں گے۔
دوسری جانب سلمان خان کا موازنہ اگر دنیا کے مہنگے ترین ٹی وی میزبانو سے کیا جائے تو ’بگ باس‘ سیزن کے ایک قسط کے معاوضے کو مدنظر رکھتے ہوئے سلو میاں کا شمار دنیا کے مہنگے ترین ٹی وی میزبانوں میں ہوتا ہے کیوں کہ جم پرسنس، جونی گالیکی، کیلی کوکو ، کونال نائیر اور سائمن ہلبرگ کا شمار دنیا کے مہنگے ترین ٹی وی میزبان میں ہوتا ہے جو ’بگ بینگ تھیوری‘ کی ایک قسط کا معاوضہ 5.75 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔