ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش کو شکست
لاہور: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں سے کامیاب ہوگئی
بنگلا دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کھیلتے ہوئے 38.4 اوورز میں 193 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
حارث رؤف نے 4، نسیم شاہ نے 3، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اورافتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف 10 اوورز پہلے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمد رضوان 63 اور آغا سلمان 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کی اننگز کا آغاز کیا۔ دسویں اوور میں 35 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب فخر زمان 20 رنز بنانے کے بعد شرف الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
سولہویں اوور میں 74 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔
امام الحق اور محمد رضوان نے 85 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 33 ویں اوور میں 159 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 78 رنز بناکر مہدی حسن میراز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔