اسلام آباد

پارلیمنٹ سے رینجرز کی سکیورٹی دو روز سے غائب

اسلام آباد:  دو روز قبل احتساب عدالت کے باہر پیش آنے والے واقعے کے بعد رینجرز نے پارلیمنٹ کی عمارت کی سکیورٹی چھوڑ دی اور وہاں ڈیوٹی پر مامور اہلکار گزشتہ 2 روز سے موجود نہیں ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی چھوڑ دی اور عمارت کی سکیورٹی پر تعینات رینجرز اہلکار گزشتہ دو روز سے ڈیوٹی پر موجود نہیں ہیں۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے سکیورٹی چھوڑنے کے بعد پارلیمنٹ کی سکیورٹی صرف پولیس اور ایلیٹ فورس کے پاس ہے جب کہ پارلیمنٹ کے سکیورٹی حکام نے اس حوالے سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر آفس کو آگاہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی سکیورٹی نے دو روز سے رینجرز اہلکاروں کی ڈیوٹی پر نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رینجز کو بوقت ضرورت پارلیمنٹ کی سکیورٹی پر بلایا جاتا ہے لیکن 3 دن سے رینجرز کی ضرورت ہی نہیں پڑی، اس لیے نہیں بلایا گیا، جب کہ ریڈ زون سکیورٹی پر انسداد دہشت گردی کے 500 اہلکار تعینات ہیں۔ چیف کمشنر اور ڈی سی آفس میں تعینات رینجرز اہلکار ڈیوٹی پر معمول کے مطابق آ رہے ہیں۔ ادھر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ رینجرز کی تعیناتی اور ہٹانے میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے۔ واضح رہے پارلیمنٹ کی سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس اور ایلیٹ فورس کے علاوہ رینجرز کے پاس تھی جہاں رینجرز کے ڈی ایس پی سمیت 33 اہلکار تعینات ہوتے تھے مگر احتساب عدالت میں نواز شریف کی پیشی والے روز پیش آنے والے واقعے کے بعد سے رینجرز اہلکار ڈیوٹی پر نہیں آئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close