کراچی ایئرپورٹ پر 30 کروڑ روپے کی کرسٹل آئس پکڑی گئی
کراچی: پاکستان کسٹمز ڈرگ انفورسمنٹ سیل نے جناح ٹرمینل پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بحرین سے افغانستان کے لیے واپس بھیجے گئے خشک میوہ جات کی 3ٹوکریوں سے 30 کروڑ روپے مالیت کی کرسٹل آئس برآمد کرلی ہے۔
کلکٹر کسٹمز جناح ٹرمینل شفیق احمد نے بتایا کہ خشک میوہ جات کی ٹوکریوں پر مشتمل یہ پارسل مزار شریف افغانستان سے رفیع نامی شہری نے بحرین کیلیے گلباز خان کے نام روانہ کیا تھا تاہم گرفتار ہونے کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ شخص نے بحرین میں یہ پارسل وصول نہیں کیا، جس کے باعث بین الاقوامی قوانین کے تحت اس مشکوک پارسل کو کھولے بغیر ایک پرواز کے ذریعے افغانستان کے قریبی ملک پاکستان کے شہر کراچی بھیج دیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق مذکورہ پارسل کو کراچی سے پشاور کے راستے واپس مزار شریف افغانستان بھیجا جانا تھا لیکن جناح ٹرمینل کراچی میں تعینات کسٹمز ڈرگ انفورسمنٹ سیل کے عملے نے دوران چیکنگ پارسل میں اعلیٰ کوالٹی کی 14 کلو 500 گرام کرسٹل آئس کا سراغ لگایا، کسٹمز پریونٹیو افسر کی مدعیت میں درج مقدمہ درج کرکے اس ضمن میں مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔