پہلی نومبر سے ویزے اور پاسپورٹ کے بغیر کوئی پاکستان میں داخل نہیں ہوسکے گا
غیر قانونی شناختی کارڈ رکھنے والوں کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا
اسلام آباد: پہلی نومبر کے بعد غیرقانونی غیرملکیوں کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی، گرفتاریاں شروع جائیں گی
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پہلی نومبر کے بعد غیرقانونی غیرملکیوں کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی، گرفتاریاں شروع جائیں گی، پاکستان واحد ملک ہے جہاں غیرملکی افراد پاسپورٹ کے بغیر بھی آجاتے ہیں، پہلی نومبر سے ویزے اور پاسپورٹ کے بغیر کوئی پاکستان میں داخل نہیں ہوسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کے اجرا میں بہت بے ضابطگیاں تھیں، پاکستان میں اس وقت افغان شہریوں کی تعداد 44 لاکھ کے قریب ہے، 44 لاکھ میں سے 14 لاکھ کے قریب افغان شہری رجسٹرڈ ہیں، یکم نومبر کے بعد غیر قانونی مقیم افراد کی گرفتاری کے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ویب پورٹل بنا رہے ہیں جس کے ذریعے عوام ہم سے معلومات شیئر کریں، اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دینے والوں کا نام راز میں رکھا جائے گا، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے چیک پوسٹس بنا دی ہیں۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس ڈی این اے کی صلاحیت آگئی ہے، ان باشندوں کا ڈی این اے ہوگا، غیر قانونی شناختی کارڈ رکھنے والوں کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی جائیدادوں کو ضبط کیا جائے گا، یکم نومبر کے بعد ٹاسک فورس غیر قانونی پراپرٹیز کے خلاف کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کی فیملی ٹری خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ضروری خدمات دینے والے اداروں کے ملازمین کی ہڑتال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی، کسی کو بندوق کے زور پر ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دیں گے، 24 میں سے 14 حملوں میں افغان شہری شامل تھے۔