انٹرٹینمنٹ

چوروں نے ہیما مالنی کے نقلی زیورات اور پرانے کپڑے بھی نہ چھوڑے

ممبئی: فلمی ستارے بھی عام لوگوں کی طرح چوروں اور ڈاکوؤں کا شکار بنتے ہیں لیکن چوروں نے بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی کے پرانے کپڑے اور نقلی زیورات بھی نہیں چھوڑے۔بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیمامالنی کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی امیر ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، خوبصورتی اور حسن کے ساتھ قدرت نے ہیمامالنی کو پیسے سے بھی خوب نوازا ہے ، ہیما مالنی خوبصورت ہونے کے ساتھ خوش لباس بھی ہیں، ان کے پاس اعلیٰ ملبوسات اور مہنگی جیولری کی کمی نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ میڈیا کے ساتھ ڈاکوؤں کے نشانے پر بھی رہتی ہیں۔
قصہ ہے 2010 کا جب ڈاکوؤں نے ہیمامالنی کے گھر 80 لاکھ روپے کی چوری کی اور ان کے پاس موجود قیمتی سامان اور مہنگی جیولری لے کر رفو چکر ہوگئے، لیکن ہیمامالنی تو ڈریم گرل ہیں، انہوں نے 80 لاکھ کی چوری کو ہوا میں اڑادیا اور اپنا غم مٹانے کے لیےپہلے سے بھی زیادہ لباس اور جیولری خرید لی اور اس بار تو انہوں نے یہ تمام سامان اتنی زیادہ تعداد میں خریدا کہ گھر میں رکھنے کے لیے جگہ ہی کم پڑگئی اوراس سامان کو رکھنے کے لیے گودام لینا پڑگیا۔
لیکن ایک بار پھر ہیمامالنی چوروں کا شکار بن گئیں اور اس بار تو چوروں نےانکے پرانے کپڑے اور نقلی زیورات بھی نہ چھوڑے اور ان کےگودام میں واردات کرکے تقریباً 90،000(پاکستانی 1 لاکھ 45 ہزار )روپے کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ہیمامالنی نے اس واقع کی فوری اطلاع پولیس کو دیتے ہوئے ڈاکوؤں کے خلاف جلد سے جلد کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے، دوسری جانب جوہو پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گودام کی صفائی کرنے والے شخص کی کارروائی لگتی ہے جو گزشتہ 5 روز سے غائب ہےاور اس کا فون بھی بند آرہا ہے۔
دوسری جانب ہیمامالنی نے اپنے گودام میں کام کرنے والے اسٹاف کے بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی والا اس واردات میں شامل ہے یا نہیں انہیں نہیں پتہ، فی الحال وہ اس بارے میں کوئی بات کرنا نہیں چاہتیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close