ڈی آئی خان، بیرونی دشمن کی تفرقہ ڈالنے کی کوشش کو مل کر ناکام بنانا ہے، بریگیڈیئر محمد عاطف منشاء
ڈی آئی خان: اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محمد عاطف منشاء نے کہا ہے کہ اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ محرم الحرام کا اختتام پر امن طور پر ہوا پاک فوج، انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی ایجنسیز شہریوں، شیعہ سنی اکابرین، امن جرگہ اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جن کے تعاون سے علاقہ میں بھائی چارے کی فضا قائم رہی، دہشتگردی کا خاتمہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اردگرد کسی بھی مشکوک شخص کے بارے اطلاع فوری طور پر سکیورٹی فورسز کو دی جائے یہ عوام کا فرض ہے، ان خیالات کے اظہار انہوں نے اسٹیشن ہیڈ کوارٹر ڈیرہ میں پاک فوج کی جانب سے محرم الحرام کے پر امن اختتام پر امن جرگہ، شیعہ سنی اکابرین، تاجران اور میڈیا کے نمائندوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ عبدالغفور بیگ اور ریجنل پولیس آفیسر سید فدا حسن شاہ کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کپیٹن (ر) میاں عادل اقبال، سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ، تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز بلوچ، ضلع ممبر حنیف پیپا ایڈووکیٹ، ایس پی سی ٹی ڈی بشیر حسین، ایس ڈی او کینٹ واپڈا شوکت اللہ خان، سپرٹینڈنٹ سجاد، حاجی اللہ بخش سپل، چوہدری جمیل احمد، علامہ رمضان توقیر، سید فیاض حسین شاہ بخاری، ضلع ممبر سید سجاد شیرازی، مظہر جمیل علیزئی، اشفاق چغتائی سمیت دیگر اکابرین موجود تھے۔
تقریب کے شرکاء نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر پاک فوج ، انتظامیہ اور پولیس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور مختلف تجاویز پیش کی، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محمد عاطف منشاء نے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے کا درس دیتا ہے، بیرونی دشمن ہمیں کمزور کرنے کے لئے ہمارے اندر تفرقے ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے جس کو ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے۔ کمشنر ڈیرہ عبدالغفور بیگ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی خوش قسمتی ہے کہ علاقہ میں محرم الحرام پر امن اختتام پذیر ہوا، امن کا قیام ایک چیلنج تھا امن بحال ہوا اس کیلئے آرمز فورسز، ضلعی انتظامیہ، پولیس، امن جرگہ، علماء کرام و ذاکرین کا کردار انتہائی لائق تحسین تھا، امید کرتے ہیں کہ آنے والے اگلے تہوار بھی بھائی چارے کی فضاء میں مکمل ہونگے۔ ریجنل پولیس آفیسر سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ہر شہری نے مثبت کرادار ادا کیا تاجران کا کردار بھی مثالی تھا جہاں امن ہوگا وہاں خوشحالی ہوگی۔ انشاء اللہ آنے والے تمام تہوار امن سے گزاریں گے۔