اسلام آباد

ہمارا مطالبہ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مکمل سرائیکی صوبہ ہے، جمشید دستی

اسلام آباد: عوامی راج پارٹی کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی جمشید خان دستی نے سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت سرائیکی صوبہ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا اسمبلی میں پیش کیا گیا بل لفظ پنجاب کے آگے سرائیکی کے اضافے کا مطلب یہ ہے کہ مکمل صوبہ سرائیکی صوبہ۔ انہوں نے کہا کہ بل پاس ہونے کے بعد کمیشن بنے گا اور وہ کمیشن فیصلہ کرے گا کہ اس میں کون کون سے علاقے شامل ہوں لیکن ہمارا مطالبہ ٹانک اور ڈی آئی خان سمیت مکمل سرائیکی صوبے کا ہے اور میں پورے وسیب کو یقین دلاتا ہوں کہ اس کے علاوہ کوئی بھی دوسری پوزیشن قبول نہیں کی جائے گی۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ ہم نہ بر تر صوبہ مانگتے ہیں اور نہ کمتر صوبہ قبول کریں گے۔ ڈی آئی خان اور ٹانک سرائیکی وسیب کا اٹوٹ انگ ہے۔ ہم کسی بھی طرح جنوبی پنجاب طرز کا صوبہ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کی وضاحت سے خوشی ہوئی ہے کہ آپ وسیب کی یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں اور اسی طرح کے صوبے کا مطالبہ کرتے ہیں جس طرح کے دوسری سرائیکی جماعتیں کرتی آ رہی ہیں۔ جمشید خان دستی نے کہا کہ میں اپنے بل کی حمایت کیلئے سب کو ملوں گا۔ مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام، ایم کیو ایم کو ملوں گا، اس موقع پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا کہ بل کی کون حمایت کرتا ہے اور کون مخالفت؟۔ جو مخالفت کرے گا وہ سرائیکی وسیب میں یہ نہیں کہہ سکے گا کہ ہم سرائیکی صوبے کے حامی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close