شام میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ، 3 خود کش بمبار مارے گئے
دمشق: شام کے دارالحکومت کے مرکزی پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں خود کش بمبار مارے گئے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دمشق میں تین خود کش بمباروں نے خالد بن ولید اسٹریٹ پر واقع پولیس ہیڈکوارٹرز میں مرکزی دروازے سے داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کے روکنے پر دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
تیسرے حملہ آور نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے ہیڈکوارٹرز کے پیچھے گھیر لیا اور فرار ہونے کی جگہ نہ ملنے پر اس نے بھی خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ شامی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس حملے میں تین حملہ آوروں کے علاوہ ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2 اکتوبر کو دمشق کے جنوبی ضلع میدان میں ہونے والے حملے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔