کراچی: عائشہ منزل کے قریب عرشی سینٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں آگ لگ گئی ، آگ کی زد میں آکر ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
آگ بجھانے کے لیے اسنارکل طلب کرلی گئی ہے، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہیں تاہم جائے حادثہ پر رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے ،جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فوم کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ لگنے سے متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ کچھ رہائشی فلیٹ بھی متاثر ہوئے ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ تیسرے درجے کی ہے جسے بجھانے کے لیے 12 فائر ٹینڈر، 2 باؤزر اور 2 اسنارکل موجود ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے لوگوں کونکال لیا گیا ہے۔ ۔
ایس ایس پی سینٹرل فیصل چاچڑ کے مطابق آگ کو پھیلنے سے روکنے کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں ، آگ جس دکان میں لگی ہے اس کے اوپر رہائشی فلیٹ ہیں۔
ذرائع کے مطابق آتش زدگی کے نتیجے میں کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوچکا ہے، جبکہ قریبی دکانوں کے مالکان سامان نکال کر محفوظ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ہے جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول برنس وارڈ منتقل کیا جارہا ہے۔
آتش زدگی کےو اقعے کے پیش نظر واٹر کارپوریشن کے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔