پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کر رہے ہیں
ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، میں عوام پر بھروسہ کرتا ہوں
شانگلہ: اپنی والدہ سے سیکھا ہے کہ غریبوں کی نمائندگی کس طرح کرنی ہے، ہمیں گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی۔
شانگلہ میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کہیں اور نہیں دیکھوں گا، نہ کسی سے مدد مانگوں گا لیکن عوام سے مدد مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ماضی میں بھی آپ کو مشکلات سے نکالا، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اپنی والدہ سے سیکھا ہے کہ غریبوں کی نمائندگی کس طرح کرنی ہے، ہمیں گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی۔
قائد عوام، شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کا نامکمل مشن مکمل کریں گے، دیگر کو نفرت، تقسیم کی سیاست کرنے دیں، 8 فروری کو الیکشن ہے، کارکن ہر گھر پر میرا منشور پہنچائیں۔
سابق وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایک طرف سیاست تقسیم کا شکار ہے، دوسری طرف معاشی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں، میرا ملک مشکل میں ہے، آئیں میرا ساتھ دیں، ہم کیسے اس ملک کی قسمت تبدیل کریں گے، میں نے تمام سیاستدان کو قریب سے دیکھا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جیسے آپ پہچان چکے ہیں، میں بھی انہیں جانتا ہوں، ان کے پاس صرف پرانی سیاست ہے، جو انتقام کی سیاست ہے، ہمیں ایسی سیاست کو دفن کرنا ہے، جب معاشی ترقی کی بات ہو تو مزدور کی ترقی کی بات ہو۔
ان کا کہنا ہے کہ اشرافیہ کی ترقی کی بات نہیں ہونی چاہیے، کوئی اور سیاسی جماعت اور سیاستدان نہیں جس کے ہاتھ صاف ہوں، 18 مہینے وزیرِ خارجہ رہا، میرے ہاتھ صاف ہیں، میں اپنی جیب بھرنے کے بجائے آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخواہ دگنی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ روزگار دینے کا وعدہ ہر سیاستدان کرتا ہے، لیکن پیپلز پارٹی کا ریکارڈ ہے اور کر کے دکھایا ہے، بے نظیر بھٹو پر سیف الرحمٰن نے کرپشن کے کیسز بنائے، عدالت میں پیشی پر بے نظیر بھٹو نے کہا کہ مجھ پر عوام کو روزگار دینے کا الزام ہے، شہید بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ روزگار دینے کا جرم بار بار کروں گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں گے، یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو روزگار ملنے میں آسانی ہو گی، یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو انٹرن شپ دلوائیں گے، اگر کوئی نوجوان ہنر سیکھنا چاہتا ہے تو یوتھ کارڈ استعمال کر سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ خواتین کی خدمت ایسے کرنا چاہتا ہوں جیسے کوئی بیٹا اپنی ماں کی خدمت کرتا ہے، جہاں اپنے بھائیوں کو روزگار دلوائیں گے وہی اپنی بہنوں کو بھی روزگار دلوائیں گے، خیبر پختون خوا میں بھی سیلاب آیا مگر متاثرین کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، میں کسی اور کی طرف نہیں دیکھنا چاہتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں۔