الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن پر حتمی فیصلے سے روک دیا گیا
پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن پر حتمی فیصلے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں انٹراپارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔
وکیل درخوستگزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن انٹراپارٹی انتخابات کیخلاف کیس نہیں سن سکتا،الیکشن کمیشن پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لے سکتا ہے۔ جسٹس عتیق شاہ نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ اب سے کیسے اندازہ لگا سکتے ہیں؟
قاضی انور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کررہا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جس نے انتخابات چیلنج کئے وہ پارٹی کا حصہ نہیں ہے۔
عدالت نے وکیل کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس پر حتمی فیصلے سے روک دیا،عدالت نے کہاکہ درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن فائنل آرڈر پاس نہ کرے۔ عدالت نے سماعت 19 دسمبرتک ملتوی کردی۔