سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشت گرد مارے
ڈی آئی خان: ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشت گرد ہلاک اور 23 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی درازندہ کے علاقے میں کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی رات ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ درازندہ کے علاقے میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تلاش کیا اور کلاچی میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بہادر جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق درابن میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی میں دہشت گردوں کی داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا گیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو چوکی سے ٹکرا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔