خواجہ سراؤں کیلئے نوکریوں میں کوٹہ مختص کیا جائے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سفارش
اسلام آباد: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کابینہ کو خواجہ سراؤں کے لیے وفاقی حکومت میں نوکریوں کے لیےعلیحدہ کوٹہ مختص کرنےکی سفارش کی ہے۔ خواجہ سراؤں کے لئے علیحدہ کوٹہ مختص کرنے کی سفارش سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میاں اسدحیااللہ کی جانب سے نیشنل فنانس کمیٹی فارمولہ کےتحت کی گئی۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے2017 کی نئی مردم شماری کی بنیاد پر سرکاری نوکریوں کےکوٹہ کو اپ گریڈ کرنے کی بھی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ 1998 میں ہونے والی مردم شماری میں حاصل تعداد کی بنیاد پر نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے حالیہ مردم شماری میں آبادی میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ نئی مردم شماری میں حاصل تعداد کی بنیاد پر مختص کوٹے کو اپ گریڈ کیا جائے۔ میاں اسد حیااللہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مذکورہ نوکریوں کےحوالے سے کوٹہ کی سفارش اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہے جبکہ کابینہ مخصوص افراد کے حوالے سے منظوری بھی دے چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد مخصوص افراد سی ایس ایس کے کسی بھی گروپ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں اس لئے سفارش پر قانون سازی کے عمل کو جلد از جلد مکمل ہونا چاہیئے۔ سفارش پر تفصیلی بحث کے بعد کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ بل کو حتمی بحث کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ خواجہ سراؤں کے حوالے سے بل 28 اگست 2013 سے نیشنل اسمبلی میں التوا کا شکار ہے۔