بنی گالا میں چھاپہ تو مارا مگر عمران خان ملا نہیں، دانیال عزیز
اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت دانیال عزیز نے کہا ہے کہ بنی گالہ میں عمران خان کے گھر چھاپہ مارا گیا مگر نہیں ملے، ایس ایس پی تشدد کیس کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جا چکی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت نے ان کے دوبارہ وارنٹ نکالے ہیں جبکہ عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کی زمینیں قرق کرنے کا حکم دے رکھا ہے، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے تمام معاملات کھل کر عوام کے سامنے آ رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے 1997ء اور 2002ء کے کاغذات نامزدگی میں جھوٹ بولا ہے، وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کسی عدالتی حکم کو معتبر نہیں سمجھتے، عدالتوں کو طاقت کا درس دینے والے خود اس کی توہین کر رہے ہیں، عمران خان نے خود تسلیم کیا کہ جوا کھیل کر پارٹی کا قرض اتارا گیا، انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن کو تالے لگانے والوں نے چیئرمین نیب کیلئے 3 نام دیئے جبکہ کے پی کے میں 3 سال احتساب کمیشن نہیں بنا۔