اسرائیلی فوج نے اپنی سفاکیت اور جارحیت جاری رکھتے ہوئے مغربی کنارے کے شہر جنین میں فلسطینیوں کے ایک گروپ پر ڈرون حملہ کیا۔
اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے تمام فلسطینی عام شہری تھے، اُن کا تعلق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے نہیں تھا جبکہ فلسطین کے سرکاری اسپتال نے اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے رات 1 بجے کے قریب جنین شہر اور پناہ گزینوں کے کیمپ پر چھاپہ مارا، اس دوران کیمپ میں موجود فلسطینیوں کی طرف سے شدید مزاحمت بھی کی گئی جبکہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی بھی تباہ ہوئی جس میں اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے کم از کم 5 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ 7 اکتوبر سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں شہید ہونے والی فلسطینیوں کی تعداد 332 ہوگئی ہے۔