فرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں فرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 240.4 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔
اعداد وشمار کے مطابق فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.6 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 217.4 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دسمبرمیں فرانس سے ترسیلات زرکاحجم 42 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جونومبرمیں 39.2 ملین ڈالر اور دسمبر2022 میں35.8ملین ڈالر تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 13.43 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 14.41 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔