سندھ

دہشتگردوں کے سہولت کار مدارس کی فہرست وفاق کو دی لیکن وہ واچ لسٹ پر رکھنے کیلئے تیار نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں دہشتگرد بلوچستان کی سرحد سے آتے ہیں، جبکہ ہم نے پنجاب حکومت کے ساتھ بارڈر پر سیکیورٹی کا خصوصی بندوبست کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے غیر ملکی سروس اکیڈمی کے 29 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے 96 مدارس کی فہرست وفاق کو دی، جو بڑی محنت اور تحقیقات کے بعد بنائی گئی تھی، ان مدارس میں مشکوک سرگرمیاں چل رہی تھیں اور دہشتگردوں کو سہولتیں دینے بھی ملوث تھے، لیکن وفاق ان مدارس کو واچ لسٹ پر رکھنے کیلئے تیار نہیں ہوا، جو نہایت افسوسناک عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب تھی، لسانی اور فرقہ وارانہ عناصر کو پروان چڑھایا جا رہا تھا، جبکہ مسلح دہشتگرد سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں گھس گئے تھے، شہر میں غیر ممنوعہ علاقہ بن گئے تھے، تاہم ہم نے درپیش چیلنجز کا زبردست طریقے سے مقابلہ کیا اور کراچی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت انہیں نشانہ بنایا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 1980ء میں ڈاکو راج تھا اور بغیر پولیس قافلے کے سفر کرنا مشکل تھا، ہم نے ڈاکوؤں اور دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، کراچی آپریشن کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتا، اگر شہریوں کی سپورٹ نہ ہوتی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں دہشتگرد بلوچستان کی سرحد سے آتے ہیں، ہم نے پنجاب حکومت کے ساتھ بارڈر پر سیکیورٹی کا خصوصی بندوبست کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انٹیلی جینس بنیادوں پر ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا، یہ دنیا کا بہترین ٹارگیٹڈ آپریشن تھا، جس میں کسی معصوم کو نقصان نہیں ہوا، آپریشن جاری رہا اور شہری زندگی بھی رواں دواں رہی، جبکہ آپریشن میں 128218 مجرم گرفتار ہوئے اور 1258 مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کرمنل جسٹس میں بہتری لیکر آئے ہیں اور سب سے بڑھ کر سیاسی مفاہمت پر توجہ مرکوز کی، تاہم اس وقت کراچی میں امن و امان کو پائیدار بنانے کے چیلنج کا سامنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے گورننس بہتر کی اور پولیس میں اصلاحات لائے ہیں، جبکہ شہر میں تعمیرِ نو ہو رہی ہے، جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی، سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع میں اضافہ اور غربت کا خاتمہ ہوگا، جبکہ شہر میں جاری اقدامات سے امن و امان کو دیرپا اور مستقل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام بہادر اور مشکلات کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کراچی میں اب بین الاقوامی تقریبات بھی ہو رہی ہیں، سندھ میں بین الاقوامی فٹ بال میچز ہوئے، ہاکی میچز ہوئے اور اب عالمی کرکٹ میچز ہونے جا رہے ہیں، جبکہ میں کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کرنے پر توجہ دے رہا ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close