نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، امریکا
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے مدد جاری رکھیں گے۔
پاکستان میں عام انتخابات کیلئے 8 فروری کو پولنگ ہوئی، ووٹوں کی گنتی کے بعد انتخابی نتائج جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بھی پاکستان کے انتخابات پر اپنا ردعمل دیدیا، ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ لاکھوں پاکستانیوں نے ووٹ ڈال کر اپنی آواز سنی، الیکشن میں پاکستانی نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد رجسٹرڈ تھی، صحافیوں، پولنگ ورکرز اور مبصرین کے کام کو سراہتے ہیں، ہم بروقت اور مکمل نتائج کے منتظر ہیں، جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاسی کرتے ہیں، ہم معتبر بین الاقوامی اور مقامی مبصرین کے ساتھ جائزے میں شامل ہیں۔
میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑھانے کے منتظر ہیں، پاکستان کے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے مدد جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے اب تک کے نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کو 68، پیپلزپارٹی کو 52، ایم کیو ایم پاکستان کو 15 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔