خیبر پختونخواہ

این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو برتری حاصل

پشاور: قومی اسمبلی کی نشست این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے ابتدائی نتائج میں تحریک انصاف کے امیدوار ارباب عامر کو برتری حاصل ہے۔ پاکستان ویوز کے مطابق پشاورمیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک 220 پولنگ اسٹیشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ارباب عامر 38 ہزار 221 ووٹ لے کر پہلے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر خان 20 ہزار 925 ووٹ لے کر دوسرے اور اے این پی کے خوشدل خان 20 ہزار 783 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پشاور میں پہلی بار ٹرانسمیشن سسٹم استعمال کیا گیا ہے جس کے باعث نتائج فوری آرہے ہیں جب کہ پریذائڈنگ افسروں کو اینڈرائیڈر موبائل دیے گئے ہیں، موبائل ایپ کے ذریعے عملے کے پاس نتیجہ فوری پہنچ جاتا ہے۔
حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے ارباب عامر، اے این پی کے خوشدل خان، مسلم لیگ (ن) کے ناصر خان موسیٰ زئی اور پیپلز پارٹی کے اسد گلزار سمیت کل 14 امید وار میدان میں تھے۔
ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں 3 لاکھ 98 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 269 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے جب کہ نتائج کے لئے پہلی بار الیکٹرانک مشین کا استعمال کیا گیا۔ پولنگ کے دوران امیدواروں اور ووٹرز کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، لوگ کھلے عام ہتھیار لے کر پولنگ اسٹیشن میں پھرتے رہے جب کہ ووٹرز کی جانب سے موبائل فون کا بھی بھر پور استعمال کیا گیا لیکن پولنگ اسٹیشنز پر موجود عملے نے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close