ہم نے انتخابات قواعد اور الیکشن ایکٹ کے تحت شفاف اور حلف کے تحت کرائے ہیں : ڈی آر اوز
راولپنڈی: الیکشن 2024 شفاف انتخابات ہوئے، سابق کمشنر کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے الزامات کے بعد ان کے زیر انتظام الیکشن کرانے والے تمام اضلاع کے ڈپٹی ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) نے دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے انتخابات قواعد اور الیکشن ایکٹ کے تحت شفاف اور حلف کے تحت کرائے ہیں اور ہمارے اوپر کسی کا دباؤ نہیں تھا۔
راولپنڈی میں لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد تعینات ہونے والے کمشنر راولپنڈی سیف انور جھپہ نے ڈی سی آفس میں پانچوں اضلاع کے ڈی آر اوز کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس میں ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈی آر او چکوال قراۃ العین، ڈی آر او اٹک راؤ عاطف رضا بھی ساتھ شریک تھے۔
راولپنڈی کے نئے کمشنر سیف انور جھپہ نے کہا کہ ڈی آر او جہلم کیپٹن سمیع بھی ساتھ ہیں، میں نے کمشنر پنڈی کا چارج سنبھالا ہے اور الیکشن میں کمشنر کا کوآرڈینیشن کے علاوہ کوئی کردار نہیں ہے۔
سیف انور جھپہ نے کہا کہ الیکشن 2024 شفاف انتخابات ہوئے، سابق کمشنر کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ہم نے الیکشن شفاف کرائے ہیں، ہم تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں اور تمام الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ڈی آر او اٹک راؤ عاطف کا کہنا تھا کہ ہم نے اٹک میں الیکشن شفاف کرائے ہیں، ہمارے اوپر کوئی دباو نہیں تھا۔
ڈی آر او جہلم کیپٹن سمیع نے کہا کہ ڈی آر او جہلم کی حیثیت سے سابق کمشنر کے الزامات کی تردید کرتا ہوں، ہمارے اوپر کوئی دباو نہیں تھا، جہلم میں تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر شفاف انتخابات کرائے ہیں۔
ڈی آر او چکوال قراۃ العین نے بھی الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ہم نے الیکشن ایکٹ اور الیکشن رولز کے تحت پولنگ کرائی ہے، ہم نے چکوال میں تمام انتخابات حلف کی پاسداری کرتے ہوئے کرائے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی مکمل چھان بین کرکے حقائق سامنے لائے جائیں۔
ڈی آر او تلہ گنگ خاور بشیر کا کہنا تھا کہ ہم نے تلہ گنگ میں انتخابات صاف و شفاف کرائے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ سابق کمشنر کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
ڈی آر او چکوال کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کرائیں ہیں، ہم نے چکوال میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر تمام انتخابات خلف کی پاسداری کرتے کرائے ہیں،