جو بھی مسلم لیگ نون چھوڑنے کی غلطی کریگا، اسے نقصان اٹھانا پڑیگا، احسن اقبال
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے جمہوری حکومت کو جھٹکے دیئے تو دنیا کہے گی یہاں استحکام نہیں آسکتا، ہمیں اگلی صدی کیلئے خود کو تیار کرنا ہے، اگر جمہوریت کی گاڑی کو بار بار پنکچر کیا گیا تو گڑ بڑ ہوجائیگی، پاکستانی آئین مد و جذر سے گزر رہا ہے، 66 سال میں صرف ایک مرتبہ حکومت نے مدت پوری کی، اگر موجودہ حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت پوری کی تو دنیا میں ہمارا امیج بڑھے گا، ہمیں نواز شریف کی قیادت پر پورا اعتماد ہے اور ہمارا ووٹر اپنے لیڈر پر متفق ہے، کوئی بھی مسلم لیگ نون میں دراڑ نہیں ڈال سکتا، اگر کوئی فرد اپنی جماعت چھوڑ کر جائیگا تو اسے خود ہی نقصان اٹھانا پڑیگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ملک کی ترقی کیلئے آکسیجن کا کام کرتا ہے، ہمیں اگلی صدی کیلئے خود کو تیار کرنا ہے اور دنیا کیساتھ ملکر جمہوریت کو آگے لے کر چلنا ہو گا، آج کے حالات کے ذمہ دار پرویز مشرف ہی ہیں، ان کے کور کمانڈر بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے علم میں لائے بغیر پاکستانی فوجی اڈے امریکا کو دیئے گئے، انہوں نے پاکستان کو گروی رکھ کر اپنا اقتدار منوایا، انہیں ایک دن لازمی حالات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ایک منظم سازش کے تحت مایوس سیاستدان مہم چلارہے ہیں کہ نون لیگ اور فوج کو لڑایا جائے، شیخ رشید بھی کبھی ڈی جی آئی ایس پی آر اور کبھی سپریم کورٹ کے رجسٹرار بن جاتے ہیں۔