سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کیلیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 50 آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان نے الیکشن کمیشن میں سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفیکیٹ جمع کروانا شروع کردیئے۔
پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد اور 50 سے زائد آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مخصوص نشستوں کیلیے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا۔
اپنے خط میں انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 50 آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اور انہوں نے الیکشن کمیشن میں پارٹی سرٹیفکٹ بھی جمع کروادیے ہیں۔
اُدھر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان نے الیکشن کمیشن میں سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفیکیٹ جمع کروانا شروع کردیئے۔
خیبرپختونخوا سے 60 ارکان اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے حلف نامے خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے پاس جمع کرادیے ہیں۔
تمام نومنتخب ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل منگل کے روز تک حلفے جمع کرادیں، شمولیت سے خیبرپختونخوا میں سنی اتحاد کونسل کی حکومت بنے گی۔