نو منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کیلئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے سپیکر سبطین خان سے گفتگو کی کوشش کی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ابھی آپ ممبرہی نہیں بنے۔
نو منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہو چکا ہے اور نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اسمبلی میں موجود ہیں جبکہ انہوں نے ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی ہے۔
اجلاس کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سے گفتگو کی کوشش کی گئی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ حلف لے لیں پھرآپ سب کی بات سنیں گے، 27 ریزرو سیٹس الیکشن کمیشن نے رکھی ہیں ان کا فیصلہ ہونا ہے۔
سبطین خان ہم کتنے دن ایوان کو روک سکتے ہیں، حلف کا ہونا ضروری ہے اس کے بعد جومرضی کریں۔
سنی اتحاد کونسل کے رکن رانا آفتاب نے موقف اختیار کیا کہ ہمارے لوگوں کو اندر آنے نہیں دیا گیا جس پر سبطین خان نے کہا کہ مجھے اپنے مہمانوں کی لسٹ دیں۔
اس موقع پر ن لیگی رکن ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ آپ حلف کرائیں، اس کے بعد بات کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے کامیاب ہونے والے آزاد اراکین اسمبلی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔