انٹرٹینمنٹ

عامر خان کی’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ ناکامی سے کیوں دوچار ہوئی

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ کو ریلیز ہوئے ایک ہفتے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے تاہم فلم اب تک اپنی لاگت بھی پوری نہ کرسکی۔ اداکار عامر خان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے، گزشتہ برس ریلیز ہوئی ان کی فلم ’’دنگل‘‘نے بھارت سمیت پوری دنیا میں غیر معمولی بزنس کرکے فلمی تجزیہ نگاروں سمیت تمام لوگوں کو حیران کردیا تھا۔’’دنگل‘‘کی کامیابی کے بعد شائقین کی امیدیں بڑھ گئی تھیں اور توقع کی جارہی تھی کہ ان کی اگلی فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘بھی عامر کی گزشتہ فلم کی طرح غیر معمولی بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ عامر خان خود بھی اپنی فلم کو لے کر بے حد پرجوش تھے اور تشہیری مہم کے لیے ترکی کے دورے پر بھی گئے تھے۔ تاہم اس بار عامر خان اسکرین پر جادو جگانے میں کامیاب نہ ہوسکے اور فلم باکس آفس پر کھڑکی توڑ بزنس کرنا تو دور اپنی لاگت بھی پوری نہ کرسکی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 50 کروڑ بجٹ سے بنائی گئی فلم ’’سیکریٹ سپرا سٹار‘‘ میں عامر خان، زائرہ وسیم، مہر، کبیر شیخ اور راج ارجن نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ (50 کروڑ میں35 کروڑ پروڈکشن بجٹ اور 15 کروڑ پرنٹ اور تشہیری بجٹ شامل ہے)۔ اداکاری کے علاوہ عامر خان نے فلم پروڈیوسر کے فرائض بھی انجام دئیے تھے جب کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ اور آکاش چاولہ بھی پروڈکشن ٹیم میں شامل تھے۔فلم کی کہانی ایک مسلمان نوجوان لڑکی انسیا (زائرہ وسیم)کے گرد گھومتی ہے جو گلوکارہ بننا چاہتی ہے لیکن والد کی جانب سےاجازت نہ ملنے پر برقع پہن کر اپنے گانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتی ہے جس کی وجہ سے ہر جانب اس کی دھوم مچ جاتی ہے۔ فلم میں عامر خان نے ان نوجوانوں کو پیغام دیا ہے جو اپنے خوابوں کے لیے جیتے ہیں اور انہیں پورا کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، فلم میں شامل خوبصورت پیغام کی وجہ سے توقع کی جارہی تھی کہ یہ فلم باکس آفس پر غیر معمولی بزنس کرے گی تاہم ہوا اس کے برعکس۔ فلم کو ریلیز ہوئے ایک ہفتے سے زائد کا وقت گزر چکاہے تاہم فلم ابھی تک 100 کروڑ تو دور اپنی لاگت بھی پوری نہیں کرسکی ہےاور 50 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم اب تک مجموعی طور پر صرف 41 کروڑ 59 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ دوسری جانب ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘کے ایک دن بعد ریلیز ہونے والی فلم’’گول مال اگین‘‘ اب تک صرف بھارت میں 132 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے 2017 کی سب سے کامیاب فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار نے اجے دیوگن اور روہت شیٹھی کی’’گول مال اگین‘‘ کو’’باہو بلی‘‘ کےبعد بالی ووڈ کی دوسری کامیاب فلم قرار دیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close