اسلام آباد

نیشنل بینک کے سابق صدر اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

اسلام آباد: نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد اثاثہ جات ریفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں اور انہوں نے دھماکہ خیز بیان بھی ریکارڈ کرا دیا ہے۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں اور انہوں نے نیب میں تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کرا دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں بتائے بغیر لاہور کے بینکوں میں جعلی دستخطوں اور شناختی کارڈ کے ساتھ ان کے نام پر 5 فارن کرنسی اکاﺅنٹس کھولے گئے۔ سعید احمد کے بیان کے بعد نیب نے سعید احمد کے اکاؤنٹ اوپننگ فارم کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید احمد کے بے نامی اکاؤنٹس کی منی ٹریل اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس سے ملتی ہے۔ ڈی جی نیب لاہور میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کی قیادت میں کام کرنے والی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے وزیر خزانہ کے نئے اثاثوں کا بھی کھوج لگا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے بچوں کے نام لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کے پلازے اور دیگر اثاثوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس میں 28 گواہوں کے نام عدالت کو دیئے تھے جن میں سرفہرست نیشنل بینک کے صدر سعید احمد ہیں۔ وہ اسحاق ڈار کے پرانے ساتھی ہیں، اسی لیے وزیر خزانہ نے انہیں سٹیٹ بینک کا ڈپٹی گورنر تعینات کر دیا تھا۔ سعید احمد اس سے پہلے سعودی عرب میں مالی بے ضابطگی میں سزا یافتہ ہیں بعد ازاں وہ لندن میں ایک نرسنگ ہوم چلاتے رہے اور اسحاق ڈار کے لئے ذاتی حیثیت میں کام کرتے تھے۔ اسحاق ڈار وزیر خزانہ بنے تو اس نے سعید احمد کی قسمت پلٹ دی۔ دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close