بچوں کی خاطر تحریک کیساتھ بے وفائی نہیں کر سکتا ہوں، سید صلاح الدین
کشمیر: متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے بھارتی تحقیقاتی ایجنسی ’’این آئی اے‘‘ کے اہلکاروں کے حالیہ چھاپے اور سید شاہد یوسف کی گرفتاری پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو بار بار صرف ان کی وجہ سے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان سے انتقام لیا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حزب المجاہدین کے سربراہ نے کہا ’’میں نے اٹھائیس سال قبل اپنے اہل خانہ کو اللہ کے حوالے کرکے یہ راستہ اختیار کیا ہے، تب سے لیکر آج تک ان کی تربیت و پرورش میں ان کا کوئی کردار نہیں، وہ جو کچھ بھی ہیں اور انہوں نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے یہ ان کی ذاتی کاوش اور ان کی مرحوم بہادر ماں کی سرپرستی کا نتیجہ ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ جب کبھی ٹیلفونک رابطہ ہوتا ہے تو وہ صرف خیر و عافیت اور مزاج پرسی کی حد تک ہی ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس نازک مرحلے پر اپنے اہل خانہ کی کوئی مدد نہیں کرسکتے اور نا ہی وہ اپنے بچوں کی خاطر لاکھوں کٹی ہوئی جوانیوں اور ہزاروں لٹی عصمتوں سے سینچی ہوئی تحریک کے ساتھ بے وفائی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں ظلم و بربریت کی صورتحال میں اپنے اہل خانہ کو صبر و استقامت کا مظاہرہ اور اللہ کی طرف رجوع کرنے اور مدد مانگنے کی تاکید و وصیت کرتا ہوں‘‘۔