رمضان کےبعد احتجاج ہوگا،عوامی اسمبلیاں لگائیں گے : فضل الرحمان
یہ حکومت ایسے نتائج پر بنی ہے جو ہمیں قبول نہیں ، عوام سڑکوں پرآئیں گے تو حکومت خود گر جائے گی۔
جمعیت علما السلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت وفد کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سڑکوں پر آئیں گے تو حکومت خود گرجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ گفتگو میں کہا ہمارا احتجاج الیکشن کو کھیل بنانے والوں کےخلاف ہے، عوام سڑکوں پرآئیں گے تو حکومت خود گر جائے گی۔
احتجاجی تحریک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رمضان کےبعد احتجاج ہوگا،عوامی اسمبلیاں لگائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک کا فوکس وہ قوت ہوگی جس نے نتائج تبدیل کیے، کیونکہ یہ حکومت ایسے نتائج پر بنی ہے جو ہمیں قبول نہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے رابطے کے سوال سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مجھ سے رابطہ نہیں، جرم کوئی اور کرتا ہے، ذمہ داری سیاستدان اپنے سرلے لیتے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلی مرتبہ ہائی کورٹ کے ججوں نے بھی آواز اٹھائی ہے، ججوں نے دھونس دھمکیوں اور مداخلت کی شکایت کی۔