Featuredاسلام آباد

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر روانہ

وزیراعظم شہباز شریف عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے میں ان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے۔

وفاقی کابینہ کے اراکین وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم چھ سے آٹھ اپریل تک سعودی عرب میں رہیں گے اور اس دوران وہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔

جمعے کو دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ شہبازشریف نے آخری بار اکتوبر 2022 میں بطور وزیراعظم اپنی پہلی مدت کے دوران سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔ اس دورے میں انہوں نے ولی عہد سے ملاقات کی اور سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close