بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ انتہائی سنگین ہے : وزیرصحت کے پی کے
پشاور: وزیرِصحت خیبر پختون خوا کی جانب سے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا گیا ہے۔
وزیرِصحت خیبر پختون خوا نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ انتہائی سنگین ہے، استدعا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا کے طبی ماہرین کو بشریٰ بی بی کا معائنہ اور علاج کرانے کی اجازت دی جائے۔
وزیرِصحت خیبر پختون خوا نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ میں نے 3 اپریل کو مراسلہ ارسال کیا تھا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے شوہر، سابق وزیرِ اعظم نے معاملے پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نجی اسپتال میں چیک اپ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم بھی موجود ہیں۔
بشریٰ بی بی کے چیک اپ کے لیے سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ہمراہ ہے، ان کا معدے اور خون کا ٹیسٹ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے وکلاء کی ٹیم بھی اسپتال میں موجود ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی انڈو اسکوپی کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ ڈاکٹر کی ہدایات پر دیگر ٹیسٹ بھی ہوں گے۔