پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، اے آئی جی حامد شکیل درانی سمیت 3 اہلکار شہید، 6 زخمی
کوئٹہ: کوئٹہ میں چمن ہاؤسنگ سکیم ائیرپورٹ روڈ پر پولیس گاڑی کے قریب دھماکہ، اے آئی جی حامد شکیل درانی اور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، دھماکے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملے کو فوری پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے ڈی آئی جی حامد شکیل درانی کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پر دھماکے میں اے آئی جی اور 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اے آئی جی حامد شکیل درانی کی گاڑی چمن ہاؤسنگ اسکیم ایئرپورٹ روڈ سے گزر رہی تھی کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار حامد شکیل اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اے آئی جی حامد شکیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے سے ایس ایس پی کی گاڑی کے علاوہ 3 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ ایئرپورٹ روڈ پر زیرتعمیر عمارت کے قریب ہوا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے تحقیقات شروع کردی ہے۔