تہران: اسرائیل 9 ماہ سے امریکا اور یورپی ممالک کی حمایت سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر مسلسل حملے کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ ابھی اسرائیل پر براہ راست حملے کے لیے مناسب وقت نہیں آیا لیکن جیسے ہی موقع ملا منہ توڑ جواب دیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے کہا کہ اسرائیل 9 ماہ سے امریکا اور یورپی ممالک کی حمایت سے عالمی قوانین کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر مسلسل حملے کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہ مناظر بہت تلخ ہیں اور اس کی کڑواہٹ دو گنی ہوجاتی ہے جب ہمارے پاس طاقت ہے لیکن ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 38 ہزار تک جا پہنچی جب کہ 78 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔