جوبائیڈن نے خبردار کیا کہ ٹرمپ امریکا کی سلامتی کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں
واشنگٹن: ہم دنیا کی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہیں، ہمارے لیے جمہوریت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹس کی جانب سے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے دستبرداری کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں خبردار کیا کہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی سلامتی کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں۔
جوبائیڈن نے سی بی ایس نیوز کو انٹرویو میں ٹرمپ کے حوالے سے کہا کہ میرے الفاظ یاد رکھیں، اگر وہ یہ انتخاب جیت جاتے ہیں تو پھر دیکھیے گا کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خطرناک ہے، وہ امریکی سلامتی کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں، ہم دنیا کی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہیں، ہمارے لیے جمہوریت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ 81 سالہ امریکی صدر جوبائیڈن نومبر میں شیڈول صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ٹرمپ سے ڈیبیٹ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے اور اس کے بعد ان پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
بعد ازاں ڈیموکریٹس کے ارکان کی جانب سے انہیں دستبردار ہونے پر زور دیا گیا اور وہ صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوئے اور کملا ہیرس کو ٹرمپ کے مقابلے کے لیے میدان میں اتارا گیا ہے۔
جوبائیڈن اس فیصلے کے بعد میڈیا میں نظر نہیں آئے تھے اور اب پہلے انٹرویو میں سابق صدر اور اپنے حریف کو آڑھے ہاتھوں لیا۔