سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فیض حمید کی گرفتاری کا ڈرامہ میرا مقدمہ ملٹری کورٹ لے جانے کیلئے کیا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف تمام مقدمات کھوکھلے ہیں، اب لگتا ہے فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائیں گے۔ مزید کہا کہ کسی اور کمانڈر کو نہیں جانتا،اتنا جانتا ہوں فیض حمید قابل جنرل تھے۔
عمران خان نے کہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے شرمناک باتیں کی جارہی ہیں، الزام لگایا جارہا ہے وہ فیض حمید سے معلومات لیتی تھیں، ان کے اقدامات سے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ مزید جڑ رہے ہیں۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں ریفرنس توشہ خانہ ٹو کی سماعت ہوگئی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ دونوں ملزمان کو 2 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
نیب نے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی، نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی شامل تفتیش ہوگئے تحریری بیان دیا ہے، بشری بی بی کا تحریری بیان بھی تفتیشی ٹیم کو دیا گیا ہے۔