Featuredاسلام آباد

تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر جلسے کے لئے آنے والے قافلے واپس چلے جائیں۔

تحریک انصاف نےاسلام آباد انتظامیہ کی ہدایت پر جلسہ ملتوی کیا، اسلام آباد انتطامیہ نے تحریک انصاف کو8 ستمبر کو جلسے کی تجویز دیدی جبکہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو نیا این او سی بھی جاری کردیا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اسلام آباد انتظامیہ نے رات گئے اجازت نامہ منسوخ کر دیا۔ انٹیلی جنس رپورٹس اور سیکیورٹی خدشات کی بناء پر چیف کمشنر نے این او سی منسوخ کردیا۔ اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں تعطیل ہوگی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھرمیں تین روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ عوامی اجتماعات دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہوسکتے ہے۔ انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن وامان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کےخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن یہ مناسب جگہ پر ہونا چاہیے۔ احتجاج سے عوام کے روزمرہ معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close