کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کی گئی
کراچی میں 25 اور 26 اگست کو موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کے باعث میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رین ایمرجنسی نافذ کردی۔
میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کی گئی، کراچی میں 25 اور 26 اگست کو موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی میونسپل سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کے میٹرولوجسٹ انجم نذیر کا کہنا ہے کہ کل (25اگست) سے طاقت ور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی حصے میں داخل ہوں گی جو کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29 اگست تک بارش کا سبب بنیں گی۔