کراچی میں 5 روز تک موسلا دھاربارشوں کا امکان
کراچی: شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش جبکہ چند ایک مقامات پرشدید موسلا دھاربارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے بارشوں کی پیش گوئی 5 روزتک بڑھادی، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے، سمندر میں طغیانی کے پیش نظرماہی گیروں کو مقررہ دورانیے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
محکمہ موسمیات نے 25 اگست سے سندھ میں داخل ہونے والے مون سون سسٹم کے حوالے سے باقاعدہ الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق طاقتور ہوا کا کم دباؤ اس وقت وسطی بھارت پرموجود ہے جو آئندہ دنوں میں مغرب کی جانب حرکت کرتا ہوا 25 اگست کی شام و 26 اگست کی صبح تک مشرقی سندھ میں داخل ہوگا۔
سسٹم کے زیراثرکراچی ڈویژن میں 27 سے 31 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک، تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 25 اگست سے 30 اگست کے دوران بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈالہیار، مٹیاری، عمرکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ 26 اگست سے 30 اگست کے درمیان گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیرآباد میں موسلا دھار اور شدید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔